نئی دہلی، 3/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی پولیس نے بی جے پی کے ممبرپارلیمنٹ کے سی پٹیل کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر ان سے وصولی کے معاملہ میں ایک خاتون وکیل کو گرفتار کیا ہے۔ممبرپارلیمنٹ نے الزام لگایا تھا کہ خاتون ان سے 5کروڑ روپے کامطالبہ کر رہی ہے۔ہنی ٹریپ کے الزام میں گرفتار ہوئی خاتون سے پوچھ گچھ میں کئی اہم انکشاف ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق، یہ ایک بڑا ریکیٹ ہے جو صرف لیڈروں کو ہی نشانہ بناتا تھا، اس ریکٹ میں اس خاتون کے ساتھ ایک اور بھی لڑکی شامل ہے۔اتنا ہی نہیں یہ خاتون مظفرنگر شہر کے ایک مجرم کے رابطے میں بھی تھی، یہ خاتون 5سال قبل راجستھان پبلک سروس کمیشن کی تیاری کرنے کے لیے دہلی آئی تھی، بعد میں اس نے یوپی ایس سی کا ایگزام بھی دیا، لیکن کامیاب نہیں ہو سکی۔دہلی پولیس کو اس کی تعلیم پر بھی شک ہے۔خاتون کے مطابق اس نے بی اے،ایم اے (انگلش)ایم اے (پالیٹکل سائنس،ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کیا ہے، لیکن جب پولیس نے خاتون سے کچھ انگریزی کے الفاظ لکھنے کو کہا تو وہ لکھ نہیں پائی۔گجرات کے بی جے پی ممبرپارلیمنٹ کے معاملے میں عورت کا دعوی ہے کہ ممبر پارلیمنٹ نے اسے بلایا تھا،جبکہ ممبربی جے پی لیڈر کا دعوی ہے کہ خاتون نے 6ماہ پہلے اس سے رابطہ کیا تھا۔خاتون کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کچھ دن پہلے ایئر پورٹ پر ممبر پارلیمنٹ کو لینے گئی تھی اور اسی دن ممبر پارلیمنٹ نے نارتھ ایونیو کے گھر میں اس کی عصمت دری کی اور غازی آباد میں بھی عصمت دری کی تھی۔ممبر پارلیمنٹ نے اپنی شکایت میں ایک اور خاتون کا نام لیا ہے، لیکن ملزم خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اس خاتون کو نہیں جانتی۔جانچ میں پتہ چلا ہے کہ خاتون ہر وقت خفیہ کیمرہ لے کر چلتی تھی اور اس نے گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کررکھے تھے۔پولیس نے خاتون کی نشاندہی پر کچھ سی ڈی اور آڈیو کلپس بھی برآمد کی ہے۔پولیس ان تمام لیڈروں اور تاجروں سے رابطہ کر رہی ہے، جن سے خاتون نے پیسے اینٹھے ہیں۔پولیس کو شک ہے کہ خاتون کے گینگ میں پانچ سے زیادہ لوگ ہیں، پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ درجنوں لیڈران اور کاروباریوں سے خاتون نے پیسے اینٹھے ہیں، لیکن سامنے آنے سے ہر کوئی بچ رہا ہے۔